زیمبیا: ‘غربت’ پر خطبہ دینے کی پاداش میں کیتھولک پادری ملک بدر

زیمبیا کے دیہی مشرقی صوبے کی ایک بستی میں اتوار کو اک ایسا خطبہ دینے کی پاداش میں کیتھولک پادری کو حکومت کی جانب سے ملک بدر کر دیا گیا ہے جس میں مبینہ طور پر انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر امیر سے امیر تر اور غریب غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔

40 سالہ فادر ویاتیئر بنیانگندورا کو لونڈازی قصبے سے زیمبیا کی خفیہ ایجنسی، جسے مخفف OPیعنی ایوان صدر (آفس آف دی پریزیڈنٹ) کے نام سے جانا جاتا ہے، کے اہلکاروں نے اٹھا کر دارالحکومت لوساکا منتقل کیا جہاں انہیں محکمہ امیگریشن کے حوالے کیا گیا جس نے انہیں آبائی ملک روانڈا بے دخل کر دیا۔

امور داخلہ کے وزیر ایڈگر لونگو نے پادری کی ملک بدری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ:

فادر بنیانگندورا کا عمل زیمبیا میں امن عامہ کے لیے خطرہ اور امیگریشن اینڈ ڈیپورٹیشن ایکٹ نمبر 18 از 2010ء کی شق 39(2) کی خلاف ورزی ثابت ہوا تھا۔

ان کی گرفتاری اور بعد ازاں ملک بدری پر زیمبیا کے نیٹ باسیوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا کہ کہ حکمران پی ایف جماعت کی جانب سے حریف سابق حکمران جماعت ایم ایم ڈی کو شکست دینے کے لیے کیتھولک پادریوں کی مدد حاصل کی گئی تھی۔ صدر ساتا، جو خود کیتھولک ہیں، ابتدائی ایام میں ایک چرچ عبادت کے دوران تصدیق کی کہ زیمبیا کو بائبل کے قوانین کے تحت چلایا جائے گا۔

President Sata praying in a Catholic Church

صدر ساتا ایک کیتھولک گرجے میں عبادت کر رہے ہیں۔ تصویر زیمبیئن واچ ڈاگ

زیمبین واچ ڈاگ پر اس جلاوطنی پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی تجزیہ کار نے لکھا[سائٹ پر انفرادی تبصروں کے لیے مستقل لنکس موجود نہیں]:

میرے خیال میں احکام عشرہ پر عمل کیا جارہا ہے؟ اک بندۂ خدا کو جلاوطن کر کے؟؟

اور ایک تبصرے میں ابانا با ایم فومو نے لکھا:

ہم غیر ملکیوں کو ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت کیوں کر دیں، اس شخص کو اُن غیر ملکیوں کے لیے سبق بنائیں جنہیں اپنا منہ بند رکھنا پسند نہیں!!!!

کولونیل اپالوجسٹ نے جواب دیا :

ابانا با ایم فومو۔ تم وہی آدمی ہو جو دانت دکھاتے ہوئے تالیاں بجائے گا جب بشپ ڈفی اور ریڈیو اکنجلو مبلغ ایم ایم ڈی کے خلاف کچھ کہیں گے۔ تم جیسے لوگ زیمبیا کے گھٹیا ترین لوگ ہیں۔ کچھ تو سچائی اور ذہنی پختگی دکھاؤ۔

ایم واپے ، دعائیہ انداز میں، لکھتے ہیں:

کیتھولکس اپنا تھوکا ہوا خود چاٹ رہے ہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ ساتا کیسا لگڑبگے نما آدمی ہے لیکن کیتھولک گرجا آگے بڑھا اور اس نے اسے بادشاہ بنا دیا۔ دیکھتے رہیے کہ یہ ڈراما جاری ہے، میں کیتھولک ہوں لیکن میرے ہی گرجے کی جانب سے ساتا کی حمایت نے مجھے مخمصے میں ڈال دیا ہے۔ اے خدا، ہم نے ساتا کی حکومت کے چند مہینوں میں کافی نقصان اٹھا لیا اور ایسا لگتا ہے کہ معاملات مزید خراب ہوں گے۔ خدارا، اپنے فرشتوں کو بھیجیں کہ وہ اپنے احکام عشرہ کے استعمال سے اس ہجوم کی رہنمائی کرے۔ آپ کیتھولک رہنماؤں کو کوئی الہامی آنکھ بھی دے سکتے ہیں تاکہ انہیں جاننے میں مدد ملے کہ ہمارے لوگوں کے لیے کیا بہتر ہے۔ اس میں کچھ دن یا سال ضرور لگیں گے لیکن اے میرے مولا میں جانتا ہوں کہ تم میری مدد کو آؤ گے۔ اپنی آل کو اس حکومت سے آزاد کراؤ گے۔ میں نے یہ سب مولائے مسیح سے کہا ہے جو تمہارے ساتھ رہتے اور حکومت کرتے ہیں۔ آمین!

پادری کی گرفتاری کی ابتدائی خبر پر ساؤلوس نے لکھا:

لعنت ہو اُن پر جو انجیل حقیقی کی تبلیغ پر پادری کو گھسیٹ رہے ہیں۔ وہ دن آئے گا جب حقیقت سامنے آ جائے گی جب یہ حکومت اس بندر کی طرح نیچے گرے گی جو اچھلتے پھاندے ایک شاخ کو پکڑنے میں ناکام رہتا ہے اور سیدھا زمین پر آ گرتا ہے۔ او پی کے بندو! مسٹر کوبرا کو سچ بتا دو کہ ہمارے صدر کے ساتھ دھوکہ نہ کرے وہ اس وقت کام نہیں کر رہے، فرض کرو ضمنی انتخابات آ جائیں کیا تم سمجھتے ہو کہ پی ایف بچ پائے گی۔ عوام کو حقیقت کا سامنا کرنے دو۔

ننی نے طنزیہ لہجے میں لکھا:

کیتھولک راہب کو روانڈا ملک بدر کرو۔ اس کی ہمت کیسے ہوئی زیمبیا میں غربت کے بارے میں بات کرنے کی؟ کیا اسے دولت مند صد رمملکت نظر نہیں آئے؟ مالدار گائے اسکاٹ [نائب صدر]، امیر و کبیر کابمبا [حکمران پی ایف کے سیکرٹری جنرل]، امیر جی بی ایم [وزیر دفاع] رچی رچی رچ۔ زیمبیا میں غربت ہے کہاں؟ یہ صرف تمہارے دماغ میں ہے بے وقوف پادری۔ جاؤ اور اپنے ملک کی غربت میں جا کر دن گزارو۔ زیمبیا ایک بہت امیر ملک ہے۔ ہمارے پاس صرف دو طبقے ہیں ایک امیر اور دوسرے امیر ترین۔

فیس بک پر وازونیا این کھویکوے نے لکھا:

جناب اسپیکر اگر پادریوں کو اپنے خطبوں پر گرفتار کیا جائے گا تو تعجب ہے کہ اس ملک میں محفوظ کون ہے؟ پی ایف حکومت دھمکیوں اور خوف و دہشت کے بغیر حکومت کرنا سیکھے۔ ایسے طریقے ملک میں پہلے بھی استعمال ہو چکے ہیں اور افسوسناک طور پر بری طرح ناکام ہوئے۔

پادری کی گرفتاری اور فوری ملک بدری کی خبریں بارہا ٹویٹ اور ری ٹویٹ ہوئیں، جس نے خوف کو ظاہر کیا:

@anglissima: کیا بکواس ہے! #زیمبیا میں پادری یہ تبلیغ کرنے پر ملک بدر “امیر امیر سے امیر تر، غریب غریب سے غریب تر ہو تا جا رہا ہے”۔ http://zambianwatchdog.com/2012/08/01/op- از @GNdhlovu

بات چیت شروع کریں

براہ مہربانی، مصنف لاگ ان »

ہدایات

  • تمام تبصرے منتظم کی طرف سے جائزہ لیا جاتا ہے. ایک سے زیادہ بار اپنا ترجمہ جمع مت کرائیں ورنہ اسے سپیم تصور کیا جائے گا.
  • دوسروں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں. نفرت انگیز تقریر، جنسی، اور ذاتی حملوں پر مشتمل تبصرے کو منظور نہیں کیا جائے.